اجمیر میں مولانا محمود مدنی کے ہاتھوں میڈیکل کیمپ کا افتتاح

0
331

اجمیر شریف؍ نئی دہلی : آج یہاں خواجہ کی نگری اجمیر شریف میں جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا محمود مدنی کے ہاتھوں میڈیکل کیمپ کا افتتاح عمل میں آیا جو دس روزہ عرس کے دوران زائرین کے لیے طبی خدمات فراہم کرے گا ۔اس سلسلے میں کائیڈ وشرام استھلی میں ایک افتتاحی تقریب منعقد ہوئی جس میں انجمن خواجگان کے صدر معین الدین چشتی ، شاہ نصیرالدین چشتی شیر محمد صاحبزادہ سید زین العابدین چشتی دیوان درگاہ شریف، عبدالواحد چشتی انگارہ سمیت درگاہ سے وابستہ کئی شخصیات موجود تھیں۔ سبھوں نے مل کر وہاں موجودایمبولینس کو ہری جھنڈی دکھائی ۔
اس موقع پر مولانا محمود مدنی نے اپنے خطاب میں کہا کہ خواجہ معین الدین چشتی اجمیری رحمہ اللہ اس ملک کی عظیم مشترکہ وراثت کا حصہ ہیں۔انھوں نے اپنے حسن اخلاق و کردار سے لاکھوں دلوں کو بدلا۔ حضرت غریب نوازؒ نے ہمیشہ اتفاق کا درس دیا اور ساری انسانیت کے درمیان برابری اور امن قائم کیا ۔انھوں نے اپنی عملی زندگی کے ذریعہ ثابت کیا کہ تصوف نہ علم ہے اور نہ رسم بلکہ یہ خدا کی محبت اور بلاتفریق اس کے بندوں کی خدمت کے مجموعہ کا نام ہے ۔ حضرت خواجہ غریب نوازؒ فرماتے تھے کہ اصل فقیری یہ ہے کہ دریا کی سی سخاوت ، سورج کی طرح شفقت اور زمین جیسی تواضع ہو کیوں کہ یہ تینوں چیزیں بلا بھید بھاؤ سب کو فائدہ پہنچا تی ہے۔مولانا مدنی نے کہا کہ جمعےۃ علما ء ہند حضرت غریب نوازؒ کے اسی فکر پر قائم ہے اور اس نے اپنے سوسالہ دور میں خدمت خلق کے راستے سے اسلام کے پیغام محبت کو عام کرنے کی کوشش کی ہے ۔مولانا مدنی نے اس بات پر زور دیا کہ تصوف کو محض رسم تک محدو د نہ کیا جائے بلکہ اس کے روحانی پیغام کو عام کیا جائے کیوں کہ آج کے دور میں نفرت و فرقہ پرستی کے خاتمے میں اس کا بڑا کردار ہوگا۔ 
مولانا مدنی نے کہا کہ اس سرزمین سے انھیں کافی محبت ملی ہے ، یہ وہ مقام ہے جہاں سے دلوں کو جوڑنے کاپیغام موثر طریقے سے جاتاہے ۔ہم نے اسی مشن کے تحت زائرین کی خدمت کے لیے گزشتہ سال میڈیکل کیمپ شروع کیا ہے اور ان شاء اللہ یہ جاری رہے گا۔انھوں نے امید ظاہر کی ہمارا مل جل کر چلنالوگوں کے دلوں سے نفرت و دوری کو ختم کرے گااور ملت اسلامیہ کے سبھی طبقات مل کر مشترکہ مسائل میں ایک ساتھ کام کریں گے ۔ حاجی سید واحد حسین چشتی انگارا سکریٹری انجمن خدام سید زادگان درگاہ اجمیر شریف نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ تاریخی حقیقت ہے کہ جمعےۃ علما ہند کے سابق جنرل سکریٹری مولانا حفظ الرحمن سیوہاروی نے تقسیم ہند کے پرآشوب دور میں اجمیر شریف میں عرس و دیگر معمولات دوبارہ شروع کرائے۔انھوں نے کہا کہ جمعےۃ علماء ہند کے وابستگان کی خواجہ رحمہ اللہ سے عقید ت کسی سے کم نہیں ہے ۔ اس موقع پر درگاہ سے وابستہ شخصیات کے علاوہ مولانا حکیم الدین قاسمی سکریٹری جمعیۃ علماء ہند، قاری محمد امین صدر جمعیۃ علماء راجستھان نے خطاب کیا، مولانا شبیر احمد نائب صدر جمعےۃ علماء راجستھان وغیرہ نے خطبہ صدارت پیش کیا ۔میڈیکل کیمپ کے سلسلے میں مولانا شبیر احمد نے بتایا کہ جمعیۃ کے زیر اہتما م یہاں میڈیکل کیمپ۲۸؍مارچ تک جاری رہے گا جہاں آٹھ ایمبولینس، ضروری ادویات سمیت ڈاکٹر وں کی ٹیم موجود رہے گی ،ان کی مدد کے لیے ہمارے رضا کار تعینات رہیں گے ، ضرورت پڑنے میں بیمار شخص کو ضلع ہسپتال یا راجدھانی جے پور ریفر کرنے کی بھی خدمت انجام دی جائے گی ۔ مولانا شبیر احمد نے بتایا کہ آج کی تقریب میں پوری ریاست سے جمعےۃ علما ء کے ذمہ دار موجود تھے ، مذکورہ بالا افراد کے علاوہ خاص طور سے مولانا معزالدین احمد ناظم امارت شرعیہ ہند ، حبیب احمد فاروقی ، مولانا یونس سکریٹری جمعےۃ علماء راجستھان ، مولانا ایوب سکریٹری جمعیۃ علما ء راجستھان،مولانا اسعد سیکڑ، مفتی ہارون ، مولانا علیم الدین اجمیری ، مولانا رمضان جودھپور، مولانا حبیب اللہ ، مفتی شکیل اور مولانا ایوب چوڑووغیرہ موجود تھے ۔

تبصرہ کریں

Please enter your comment!
Please enter your name here